17 اکتوبر 2013 - 20:30
بحرین میں احتجاجی مظاہرے، آل خلیفہ حکومت کے مظالم کی مذمت

ملت بحرین نے آج ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرکے ایک بار پھر اپنے مطالبات پر تاکید کی ہے۔ ملت بحرین نے آل خلیفہ کی حکومت کے خاتمے پر زور دیا۔

اہلبیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ابنا۔ ملت بحرین نے آج ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرکے ایک بار پھر اپنے مطالبات پر تاکید کی ہے۔ ملت بحرین نے آل خلیفہ کی حکومت کے خاتمے پر زور دیا۔ پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ملت بحرین نے منامہ اور بنی جمرہ کے علاقوں میں بھی زبردست مظاہرے کئے اور اپنے جمہوری مطالبات پر تاکید کرتے ہوئے ملک میں جمہوری حکومت کے قیام اور آل خلیفہ کی حکومت کے خاتمے پر زور دیا۔ مظاہرین نے بادشاہ کے خلاف نعرے لگائے اور آل خلیفہ کے کارندوں کی تشدد آمیز کاروائيوں کی مذمت کی۔ ملت بحرین نے اعلان کیا کہ جب تک ان کی تحریک کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوجاتی وہ احتجاج جاری رکھے گي۔ اس سے قبل جمعیت الوفاق کے سربراہ شیخ علی سلمان نے انقلاب کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ بحرین میں بنیادی تبدیلیوں تک عوامی تحریک جاری رہے گی۔ انہوں نےکہا عوام کو یہ حق ملنا چاہیے کہ وہ آل خلیفہ کے بارے میں فیصلہ کرسکیں کہ اس کی حکومت قائم رہے یا ختم ہوجائے۔ ادھر اطلاعات ہیں کہ آل خلیفہ نے اپنے مغربی حامیوں سے عوام کو کچلنے کے ہتھیار خریدے ہیں۔ بحرین میں انسانی حقوق کی تنظیم نے کہا ہے کہ عالمی ادارے اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل بحرین میں آل خلیفہ کی تشدد آمیز پالیسیوں اور انسانی حقوق کی پامالی سے شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔ اس تنظیم نے کہا ہے کہ آل خلیفہ نے اپنے مغربی حامیوں سے بھاری مقدار میں آنسو گيس کے گولے اور ہینڈ گرینیڈ خریدنے کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ واضح رہے ملت بحرین اپنے پامال شدہ حقوق کی بازیابی اور آل خلیفہ کی جاہلانہ امتیازی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کررہی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲